http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 13 February, 2007, 04:14 GMT 09:14 PST

امریکی گاؤں ’بارہ فٹ برف تلے‘

ریاست نیویارک سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دس دن سے جاری برف باری کے نتیجے میں ریاست کے علاقے ریڈ فیلڈ میں بارہ فٹ برف پڑ چکی ہے اور اگر امریکی محکمۂ موسمیات نے اس کی تصدیق کر دی تو یہ ایک ریکارڈ ہوگا۔

ریڈ فیلڈ کا علاقہ اوس ویگو نامی کاؤنٹی میں واقع ہے۔کاؤنٹی اور اس کے نواحی علاقوں میں پہلے ہی ہنگامی حالت کا اعلان کیا جا چکا ہے جبکہ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتے کے دوران نیویارک میں پھر برفباری کا امکان ہے۔

امریکہ میں ہونے والی حالیہ برفباری سے نیویارک، میری لینڈ، اوہایو، ایلی نوائے، انڈیانا، کنٹکی، مشی گن اور وسکنسن کی ریاستوں میں کم از کم بیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شدید برفباری کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں برف نے مکانات کو ڈھانپ لیا ہے اور ایک سو پچیس کارکن بارہ گھٹنوں کی شفٹ میں مسلسل برف صاف کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ تاہم مسلسل برفباری کی وجہ سے ان کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔