Tuesday, 13 February, 2007, 11:37 GMT 16:37 PST
چین کے ریاستی میڈیا نے کہا ہے کہ ان کے ملک سے بڑی تعداد میں قابل لوگ باہر جا رہے ہیں۔ روزنامے ’چائنا ڈیلی‘ نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سن انیس سو اسی کے بعد سے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والوں میں سے دو تہائی لوگ واپس نہیں آئے۔
رپورٹ بیجنگ میں سوشل سائنسز اکیڈمی نے تیار کی ہے۔ رپورٹ کی تیاری میں شریک لی ژاؤلی نے کہا کہ چین کو اس وقت ماہرین کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ لوگوں کا ملک چھوڑنا جن پر چین نے بہت خرچہ کیا تھا ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ سن دو ہزرا دو کے بعد سے ہر سال ایک لاکھ سے زیادہ لوگ پڑھنے کے لیے بیرون ملک جاتے رہے ہیں جن میں سے بیس سے تیس ہزار کے درمیان واپس آتے ہیں۔
اخبار نے کہا کہ ایک لحاظ سے یہ رجحان ناگزیر ہے کیونکہ اس سے چین کے بیرونی دنیا سے بڑھتے ہوئے رابطوں کا اظہار ہوتا ہے۔ تاہم اخبار نے اپنے اداریے میں کہا کہ حکومت کو ان لوگوں کو واپسی پر آمادہ کرنا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق ساڑے تین کروڑ چینی ایک سو پچاس مختلف ممالک میں آباد ہیں۔