Monday, 12 February, 2007, 04:11 GMT 09:11 PST
آسٹریلوی وزیراعظم جان ہاورڈ کا کہنا ہے کہ عراق کے حوالے سے امریکی صدارتی امیدوار بارک اوبامہ کی پالیسی عراق کی تباہی کے خواہاں افراد کو فائدہ پہنچائے گی۔
سیاہ فام امریکی ڈیموکریٹس سینیٹر بارک اوبامہ نے سنیچر کو صدارت کی دوڑ میں باضابطہ طور پر شامل ہوتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ برس امریکی افواج کو عراق سے واپس آ جانا چاہیے۔
اس بیان پر آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ القاعدہ 2008 کے صدارتی انتخابات میں اوبامہ کی فتح کے لیے دعاگو ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ’ میرے نزدیک اوبامہ غلطی پر ہیں۔ اگر میں القاعدہ کا سربراہ ہوتا تو کیلینڈر پر مارچ 2008 پر ایک دائرہ لگا دیتا اور نہ صرف اوبامہ بلکہ ڈیموکریٹس کی فتح کے لیے بار بار دعا کرتا‘۔
بارک اوبامہ نے آسٹریلوی وزیراعظم کے بیان پر کہا ہے کہ اگر انہیں عراق کی اتنی فکر ہے تو وہ وہاں اپنی فوج میں اضافہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ’ہمارے ایک لاکھ چالیس ہزار فوجی عراق میں ہیں جبکہ مسٹر ہاورڈ نے صرف 1400 فوجی بھیجے ہیں۔ اب اگر وہ یہ اچھی جنگ لڑنے کو تیار ہیں تو میں انہیں بیس ہزار آسٹرلیوی فوجی عراق بھیجنے کا مشورہ دیتا ہوں‘۔