Thursday, 08 February, 2007, 11:53 GMT 16:53 PST
عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی اور عراقی افواج کے ایک مشترکہ چھاپے میں عراق کے نائب وزیرِ صحت اور ان کے محافظوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
نائب وزیرِ صحت حکیم الزاملی پر الزام ہے کہ وہ ایمبولینسوں کے اندر مہدی آرمی کے لیے اسلحہ لے جانے والوں کی معاونت کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ زاملی شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کی جماعت کے ایک سینیئر رہنما ہیں۔
دوسری طرف عراق میں موجود امریکی فوج نے کہا ہے کہ بغداد کے مغرب میں واقع علاقے امریہ کے نزدیک ایک فضائی حملے میں تیرہ مشتبہ شدت پسند ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔
![]() | |
| گرفتار ہونے والے وزیر کا مقتدیٰ الصدر کی مہدی آرمی سے تعلق ہے |
امریکی فوج نے جائے وقوع سے مزید پانچ مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار بھی کیا ہے اور بڑی تعداد میں اسلحہ بھی پکڑا گیا ہے جس میں بکتر بند گاڑی کو تباہ کرنے والے ہتھیار بھی شامل ہے۔
دریں اثناء بغداد کے جنوبی علاقے عزیزیہ میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں کم از کم تیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ شیعہ اکثریت والے علاقے میں ہوا۔
حکام نے علاقے میں کرفیوں لگا دیا ہے اور پولیس کے بھاری نفری وہاں بھیج دی گئی ہے۔