Thursday, 08 February, 2007, 00:02 GMT 05:02 PST
عراق میں امریکی فوج کا کہنا ہے کہ بغداد کے قریب اس کا ایک ہیلی کاپٹر گرنے سے اس میں سوار سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی وجوہات کی تحقیق کی جا رہی ہے۔
امریکہ نے تین روز قبل کہا تھا کہ اس سے پہلے تباہ ہونے والے چار ہیلی کاپٹر بظاہر فائرنگ کا نشانہ بنے تھے۔ امریکہ نے کہا کہ وہ مِشن کے لیے نئے طریقۂ کار وضح کرے گا۔
القاعدہ سے وابستہ سمجھی جانے والی ایک تنظیم سنی عسکریت پسند تنظیموں کی ایک ویب سائٹ پر ہیلی کاپٹر تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس بیان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
امریکی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے گرنے کا تازہ ترین واقعہ انبار صوبے میں معمول کی پرواز کے دوران پیش آیا۔
بغداد میں عراقی فضائیہ کے ایک افسر نے خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا ہیلی کاپٹر اینٹی ائر کرافٹ میزائیل کا نشانہ بنا تھا۔
اے پی کی خبر میں عینی شاہدین سے منسوب کیا گیا ہے کہ انہوں نے زمین سے فائرنگ کے دوران ہیلی کاپٹر کو گرتے ہوئے دیکھا۔
اے پی نے ایک کسان محمد الجنابی کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے میزائیل چلنے کی آواز سنی، ہیلی کاپٹر آگ کا گولہ بنا اور دو چکر کھا کر زمین پر آ گیا۔