Friday, 02 February, 2007, 02:12 GMT 07:12 PST
فرانس میں جمعرات کے روز ماحول کی تبدیلی کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی مہم کے سلسلے میں پانچ منٹ کے لیے پیرس شہر میں بتیاں مدھم کر دی گئیں۔ اس مہم میں آئیفل ٹاور پر لگے ہوئے بیس ہزار بلب بھی دھیمے ہو گئے۔
فرانس میں ان پانچ منٹوں کے دوران دوران مجموعی طور پر بجلی کی مانگ میں آٹھ سو میگاواٹ کی کمی ہوئی جو کہ بجلی کی کل مانگ کا ایک فیصد ہے۔
پیرس میں جمعہ کے روز ایک رپورٹ جاری کی جا رہی ہے جس میں ماحول کی تبدیلی میں انسان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
ماحول کے بقا کے لیے کام کرنے والی کارکن این نے بی بی سی کو بتایا کہ لوگ ماحول کے تحفظ کے لیے کردار اداد کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اس کے لیے رہنمائی چاہیے۔ ’ہم لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ کیا کر سکتے ہیں، وہ کچھ بتیاں بند کر سکتے ہیں لیکن یہ کافی نہیں، سیاستدانوں کو بھی کچھ کرنا ہوگا‘۔
یورپ کے کچھ دوسرے شہروں میں بھی علامتی ’بلیک آؤٹ‘ ہوئے۔ روم میں شہر کے دو معروف مقامات پر بتیاں گل کی گئیں۔ اسی طرح ہسپانیہ کے دارالحکومت میڈرڈ میں ایک مقام پر ایسا کیا گیا۔
یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں پارلیمان، سٹی ہال اور وزارت خارجہ کی عمارات اندھیرے میں ڈوبی رہیں۔