Wednesday, 31 January, 2007, 19:59 GMT 00:59 PST
افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے علاقے کجاکئی میں ایک فضائی اور زمینی کارروائی کے دوران نیٹو افواج نے تیس طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔
افغان پولیس اہلکاروں کے مطابق نیٹو فوجیوں نے کجاکئی میں باغیوں کے ایک کیمپ کو گھیرے میں لے کر حملہ کیا، جس کے بعد باقاعدہ لڑائی شروع ہوگئی جو پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔
نیٹو حکام نے کجاکئی میں کارروائی کی تصدیق تو کی ہے لیکن ہلاکتوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ہلمند پولیس کے سربراہ غلام نبی مولاخیل کے مطابق نیٹو حملے میں پندرہ طالبان جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔
افغانستان کے طورخم بارڈر کے انچارج قہار باچا نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم خود کش بمبار نے اتحادی فوج کے ایک گشتی ٹیم پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
ان کے بقول ہدف کو نشانہ بنانے سے قبل ہی خود کش حملہ آور نے خود کو ایک زوردار دھماکے کے ساتھ اڑا دیا۔
واضح رہے کہ طورخم افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور عام لوگوں کی آمد ورفت کا ایک اہم راستہ ہے، جہاں سے افغانستان میں مقیم اتحادی افواج کے لیے ایندھن کے علاوہ فوجی اور عام ضروریات کی اشیاء کی ترسیل ہوتی ہے۔ واقعہ کے بعد پاک افغان سرحد کو بند کردیا گیا ہے۔