http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 31 January, 2007, 02:30 GMT 07:30 PST

کاسترو کی ٹی وی پر نئی تصاویر

کیوبا میں علیل رہنما فیدل کاسترو کی اکتوبر کے بعد سے پہلی تصاویر دکھائی گئی ہیں۔

ٹی وی تصایویر میں کاسترو کمزور نظر آتے ہیں لیکن اتنے نہیں جیسے کہ تین ماہ پہلے کی تصاویر میں دکھائے دیے تھے۔ اس ٹی وی فلم میں انہیں وینیزویلا کے صدر ہیوگو چاویز سے بات چیت کرتے دکھایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات پیر کے روز ہوئی تھی۔

’زندہ‘ کاسترو ٹی وی پر

فیدل کاسترو کو چھ ماہ سے کسی عوامی مقام میں نہیں دیکھا گیا ہے۔ وہ جولائی میں اچانک بیمار ہو گئے تھے اور انہوں نے اقتدار اپنے بھائی راوُول کاسترو کو منتقل کر دیا تھا۔ اسی سالہ رہنما کا جولائی میں آنتوں کا آپریشن ہوا تھا اور اس کے بعد سے ان کی خرابی صحت کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

ٹی وی تصاویر میں کاسترو کھڑے ہو کر صدر چاویز سے بات کر رہے ہیں اور کچھ دستاویز پڑھ کر یہ دونوں ان کے بارے میں بھی گفتگو کرتے ہیں۔

صدر چاویز کے حال میں کیوبا آنے کے بارے میں اس سے پہلے کوئی اطلاع نہیں تھی۔