http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 22 January, 2007, 11:22 GMT 16:22 PST

عراق: بم دھماکوں میں 130 ہلاک

عراق میں پیر کو ہونے والے مختلف بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو تیس سے زیادہ ہوگئی ہے، جن میں سے اٹھاسی دارالحکومت بغداد اور بارہ بعقوبہ میں ہلاک ہوئے۔

بغداد شہر میں شیعہ اکثریت والے مرکزی علاقے ’حراج مارکیٹ‘ میں دو کار بم دھماکے ہوئے تھے، جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ستر افراد ہلاک جبکہ ایک سو دس زخمی ہوئے تھے۔

تاہم اٹھارہ زخمی بعد میں ہسپتال جا کر دم توڑ گئے۔ حراج مارکیٹ میں ٹھیلوں پر استعمال شدہ کپڑے اور الیکٹرانک کا سستا سامان فروخت کیا جاتا ہے اور کم آمدنی والے افراد خریداری کے لیے اکثر اس بازار کا رخ کرتے ہیں۔

تشدد کے یہ واقعات بغداد میں امن و امان کے قیام کے لیے تین ہزار مزید امریکی فوجیوں کی آمد کے صرف ایک دن بعد سامنے آئے ہیں۔ دھماکوں کے بعد گہرے سیاہ دھوئیں نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مبصرین کے مطابق تشدد پر قابو پانے کی سابقہ کوششیں اس لیے ناکام رہی ہیں کہ ایک علاقے سے ’مزاحمت کاروں‘ کا صفایا کرنے کے بعد امریکی فوج دوسرے علاقے کی طرف متوجہ ہو جاتی تھی جبکہ عراقی فوج ’امن و امان‘ کی کیفیت کو زیادہ عرصہ تک قائم نہیں رکھ سکتی تھی۔

تاہم نئے منصوبے کے تحت امریکی فوجی تشدد پر قابو پانے کے بعد بھی عراقی فوج کی مدد کے لیے علاقے میں موجود رہیں گے۔

ادھر بغداد کے مغرب میں واقع انبار کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران دو مختلف واقعات میں دو امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔