Tuesday, 16 January, 2007, 15:38 GMT 20:38 PST
افغانستان کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر پاکستان کی سرحد کے قریب سے طالبان کے ایک اہم ترجمان کو گرفتار کیا ہے۔
افغان خفیہ ایجنسی کے ترجمان سید انصاری نے ’گرفتار‘ ہونے والے شخص کا نام محمد حنیف بتایا ہے۔ محمد حنیف اکتوبر 2005 سے طالبان کے ترجمان کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
سعید انصاری نے خبررساں ادارے اے پی کو بتایا ہے کہ طالبان ترجمان کو پیر کو حراست میں لیا گیا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس جگہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
اگر محمد حنیف کی گرفتاری کی تصدیق ہو گئی تو طالبان کے خلاف جنگ میں یہ افغان حکومت کی ایک اہم کامیابی ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ 2006 میں طالبان اور ان کے حامیوں کے حملوں میں اب تک تین ہزار پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔