Wednesday, 10 January, 2007, 01:31 GMT 06:31 PST
صدر بش آج رات عراق کے لیے اپنی نئی پالیسی کے اعلان کی تیاری کررہے ہیں اور دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان جن کی امریکی کانگریس میں اکثریت ہے عراق میں امریکی افواج میں اضافے کے اقدام کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق صدر بش نے عراقی حکومت کو تقویت دینے کے لیے جو پیکج بنایا ہے اس میں بیس ہزار مزید امریکی فوج کی تجویز بھی ہے۔
ڈیموکریٹ سینیٹر ایڈورڈ کینیڈی نے ایک مسودہ قانون کانگریس میں پیش کردیا ہے جس کے تحت فوجی کمک بھیجنے یا اس کے لیے سرمایہ کی منظوری کانگریس سے لینی ضروری ہوگی۔
سینیٹر کینیڈی نے کہا کہ فوجوں میں اضافہ کو روکنے کے لیے صرف باتوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا اس کے لیے قدم بھی اٹھانا ضروری ہے۔
واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹ کو اس مسودہ قانون کو منظور کرانے میں مشکلات کا سامنا بھی ہو سکتا ہے کیونکہ ووٹ دیتے ہوئے کئی ڈیموکریٹ ارکان یہ سوچیں گے کہ کیا انہیں فوجی معاملات میں مداخلت کرنی چاہیے۔
امریکی صدر بھی اختیار رکھتے ہیں کہ اپنے ویٹو کو استعمال کرکے اس بِل کو نامنظور کر دیں۔