Tuesday, 09 January, 2007, 19:01 GMT 00:01 PST
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران میں صرف ایک ماہ کے دوران فضائی آلودگی سے تین ہزار چھ سو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک سال میں آلودگی کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد دس ہزار کے قریب ہے۔
حکام کے مطابق زیادہ تر اموات دل کے دوروں اور سانس کی تکالیف کی وجہ سے ہوئیں اور ان بیماریوں کی وجہ آلودہ دھند تھی۔
محمد ہادی حیدر زادے نے ایک ایرانی اخبار کو بتایا’ یہ ایک انتہائی سنجیدہ اور مہلک بحران ہے۔ یہ ایک اجتماعی خودکشی کی مانند ہے۔ اس مسئلے کو سلجھانے کے لیے ایک حقیقی انقلاب درکار ہے‘۔
نئے اعدادوشمار کے مطابق ایران میں آلودگی کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور مارچ سنہ 2005 سے مارچ سنہ 2006 تک 9900 ایرانی آلودگی کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔
یہ تازہ ترین اعداد و شمار عالمی بنک کی جانب سے تیار کردہ ہیں اور اس میں آلودگی کے مختلف معیاروں کی بنیاد پر شرحِ اموات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
نامہ نگاروں کے مطابق ایران میں ایندھن کا سستا ہونا لوگوں کو گاڑیاں چلانے کی ترغیب دیتا ہے اور ان میں سے زیادہ ترگاڑیوں کا نظام گیسوں کے اخراج کے عالمی معیار پر پورا نہیں اترتا۔