Tuesday, 09 January, 2007, 07:31 GMT 12:31 PST
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منگل کو تیسرے روز بھی عبوری حکومت کے خلاف احتجاج جاری ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی کوشش ہے کہ مظاہرین ایوان صدر کا گھیراؤ کرلیں۔
حزب اختلاف کی جماعتوں کی اتحاد کا مطالبہ ہے کہ کہ بائیس جنوری کے انتخابات کو ملتوی کیا جائے اور انتخابی فہرستوں کو درست کیا جائے۔ وہ عبوری صدر ایاز الدین احمد پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ اور ان کی انتظامیہ سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی جماعت کی طرفداری کر رہے ہیں۔
ایوان صدر کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایوان صدر کے قریب ہزاروں سپاہی تعینات ہیں اور وہاں جانے والی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایوان صدر کی سکیورٹی ان کی اہم ترجیح ہے اور وہ صورتحال کو قانو میں رکھنا چاہتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عوامی لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کی کوشش ہوگی کہ وہ جلوسوں کی شکل میں ایوان صدر جائیں اور عمارت کا گیھراؤ کر لیں حالانکہ حکام نے ایسے اجتماع پر پابندی لگا دی ہے۔
پیر کو پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا تھا اور انہیں منتشر کرنے کے لیے ربر کی گولیاں فائر کی تھیں اور آنسو گیس کا بھی استعمال کیا تھا۔