http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 07 January, 2007, 23:29 GMT 04:29 PST

بش کو نینسی پلوسی کی وارننگ

امریکی ایوان نمائندگان کی نئی سپیکر نینسی پلوسی نے صدر جارج بش کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ عراق میں امریکی فوج کی تعداد بڑھانا چاہتے ہیں تو انہیں اس اقدام کے حوالے سے کانگریس کو مطمئن کرنا پڑے گا۔

ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ ریپبلیکن پارٹی نے صدر بش کو بغیر کسی نگرانی، شرط اور میعار کے کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

حال ہی میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے نتیجے میں ڈیموکریٹک پارٹی نے سینٹ اور ایوان نمائندگان پر مشتمل امریکی کانگریس کا گزشتہ بارہ سال میں پہلی مرتبہ کنٹرول سنبھالا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت کو پورا ادراک ہے کہ کانگریس میں ان کی اکثریت بش انتظامیہ کی ناکام عراق پالیسی کا نتیجہ ہے۔

چند روز قبل اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے فوراً بعد بھی نینسی پلوسی نے عراق میں مزید فوج بھیجنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے وہاں پہلے سے موجود فوج کے مرحلہ وار انخلاء پر زور دیا تھا۔