Saturday, 06 January, 2007, 11:32 GMT 16:32 PST
سری لنکا کے جنوب مغربی علاقے میں مسافروں سے بھری ایک بس میں دھماکے سے کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ کولمبو کے جنوب میں ہکادووا کے سیاحتی مقام کے نزدیک پیش آیا۔
جمعہ کو بھی کولمبو کے شمال مشرق میں اسی قسم کے بم دھماکے میں چھ افراد مارے گئے تھے۔ تامل باغیوں کو ان بم حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جار ہا ہے تاہم انہوں نے ابھی تک دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ معصوم شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں۔
دریں اثناء ہفتے کو ہی سری لنکا کے شمالی علاقے میں تین بم دھماکے بھی ہوئے جن میں سے ایک میں چار فوجی اور ایک شہری ہلاک ہوگئے۔ ہلاکتوں کا یہ واقعہ واونیا کے ضلع میں اس وقت پیش آیا جب سڑک کے کنارے نصب بم فوجیوں کو لے جانے والے ایک ٹرک کے نزدیک پھٹا۔
شری لنکا کے مشرقی علاقے میں حکومتی افواج تامل باغیوں سے کچھ علاقہ حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ کولمبو میں بی بی سی کے نامہ نگار رولینڈ برک کا کہنا ہے کہ حکومت اور تامل باغیوں کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کی ناکامی کے بعدگزشتہ برس سے شروع ہونے والی لڑائی میں تین ہزار پانچ سو افراد مارے جا چکے ہیں۔