Saturday, 06 January, 2007, 01:06 GMT 06:06 PST
امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے صدر جارج بش سے کہا ہے کہ وہ عراق میں تعینات فوج کی تعداد بڑھانے کی بجائے اس کے مرحلہ وار انخلاء پر توجہ دیں۔
ڈیموکریٹک پارٹی نے حال ہی میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے نتیجے میں پچھلے بارہ سال کے دوران پہلی مرتبہ امریکی کانگریس کا کنٹرول حاصل کیا ہے۔
ڈیموکریٹ رہنماؤں نے صدر بش پر اس وقت دباؤ بڑھانا شروع کیا ہے جب وہ عنقریب عراق میں اپنی ’نئی‘ حکمت عملی کا اعلان کرنے والے ہیں۔
نامہ نگاروں کے مطابق نئی حکمت عملی کے تحت صدر بش بغداد اور اس کے گردونواح میں متحرک عراقی ہتھیار بندوں کو غیر مسلح کرنے کے لیے دس سے بیس ہزار مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ بھی کر سکتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے خط میں صدر بش کو تجویز دی ہے کہ مزید فوج بھیجنے کی بجائے چار سے چھ ماہ کے دوران عراق سے فوجی انخلاء شروع کر دیا جائے۔
واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار جسٹن ویب کے مطابق ڈیموکریٹس کی طرف سے یہ (انخلاء کی تجویز) ایک ’جارحانہ‘ قدم ہے، جو امریکہ میں ایک بڑی سیاسی کشمکش کا آغاز ہو سکتا ہے۔
نامہ نگار کے مطابق صدر بش کو مزید فوج بھیجنے سے تو نہیں روکا جا سکتا، لیکن کانگریس کی مخالفت مول لے کر کیے گئے اس فیصلے کی انہیں بھاری سیاسی قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔