http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 04 January, 2007, 05:21 GMT 10:21 PST

پانچ ہلاکتوں کے بعد امن کوششیں

غزہ کے جنوب میں فلسطینی گروہوں الفتح اور حماس نے بدھ کے روز تشدد میں پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد اپنے مسلح ارکان کو سڑکوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

فلسطینی علاقوں میں دونوں گروہوں کے ارکان کے درمیان یہ معاہدہ خان یونس میں طے پایا۔ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ یہ معاہدہ جنگ بندی کی طرف بڑھے گا یا نہیں۔

دو ہفتے قبل دونوں گروہوں کے درمیان امن کے قیام کے بعد بدھ کے روز کے واقعات شدید ترین تھے۔ ہلاک ہونے والے پانچ افراد میں سے چار کا تعلق الفتح سے تھا۔

حماس اور الفتح اس واقعے کے لیے ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں۔

بی بی سی کے ایلن جانسٹن نے کہا کہ دونوں گروپوں کے تعلقات ہمیشہ خراب رہے ہیں لیکن حالیہ مہینوں میں سیاسی اختلافات بڑھنے سے یہ زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے درمیان دسمبر کے مہینے میں کئی روز تک جھڑپیں جاری رہیں جس کے بعد امن معاہدہ کیا گیا۔