Tuesday, 02 January, 2007, 04:43 GMT 09:43 PST
انڈونیشیا میں پرواز کے دوران لاپتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ مِل گیا ہے اور 90 مسافروں کی ہلاکت کا اندیشہ ہے۔ طیارے کا ملبہ جزیرے سولا واسی کے مغرب میں جنگل میں سے مِلا ہے۔
فضائی کمپنی ’ایڈم ایئر‘ کے لاپتہ ہونے والے طیارے بوئنگ 400 - 737 میں چھیانوے مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ اطلاعات کے مطابق نوّے لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق طیارے سے اس وقت رابطہ منقطع ہو گیا تھا جب وہ پینتیس ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کر رہا تھا اور منزل مقصود سے ایک گھنٹہ کے فاصلے پر تھا۔
شہری ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق طیارہ انڈونیشیا کے جزیرے جاوا سے سولاواسی کے شمال مشرقی ساحل کے لیے روانہ ہوا تھا۔ جہاز کا آخری بار پچیس دسمبر کو معائنہ کیا گیا تھا۔
ایڈم ایئر ایک نجی کمپنی کی ملکیت ہے جس نے دو ہزار تین میں پروازیں شروع کی تھیں۔ ایڈم ایئر کا شمار ان کم سے کم ایک درجن کم کرائے والی فضائی کمپنیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے سن انیس سو نناونے میں ہوائی صنعت کی ڈیریگولیشن کے بعد کاروبار شروع کیا تھا۔
گزشتہ دنوں انڈونشیا میں خراب موسمی حالات کے باعث ایک مسافر بردار بحری جہاز ڈوب گیا تھا۔