Monday, 01 January, 2007, 22:23 GMT 03:23 PST
عراق کے معزول صدر صدام حسین کو پھانسی دیے جانے کے خلاف عراق اور اردن میں سینکڑوں لوگوں نے مظاہرے کیے ہیں۔ بغداد کے سنی علاقوں میں مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ ’صدام تم ہی ہمارا وطن ہو‘ اور ’ہم تمہاری موت کا انتقام لیں گے‘۔
عراق میں بغداد، تکریت اور سمارا میں مظارہ ہوئے ہیں جبکہ مسلم دنیا کے مختلف علاقوں سے صدام حسین کی پھانسی کے خلاف مظاہروں کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ ان میں فلسطینی علاقے اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر شامل ہیں۔
اردن کے داراحکومت امان میں مظاہرین نے صدام حسین کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں اور کچھ دیر کے لیے صدام حسین کی بیٹی راغے بھی مظاہرےمیں شامل ہوئیں۔ انہوں نے مظاہرین کی ’شہید صدام حسین کی حمایت‘ کا شکریہ ادا کیا۔
اردن میں حزب اختلاف کے ایک رہنما نے کہا کہ صدام حسین کو عرب دنیا کا رہنما تصور کیا جانا چاہیے۔
’صدام حسین ہی وہ رہنما تھا جس نےامریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کیا، وہ بے مثال ہے‘۔’وہ واحد رہنما ہے جس نے عراق کی دولت کو عرب قوم کی دولت سمجھا، صدام حسین نے عربوں کی مدد کی اور ان رہنماؤں کاساتھ دیا جو اب ان کی مخالفت کرر ہے ہیں۔ وہ عرب قوم کے رہنما ہیں‘۔
ادھر امریکی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بغداد میں ایک عمارت پر حملہ کرکے چھ افراد کو ہلاک کردیا ہے۔ امریکی فوج کے مطابق اس عمارت میں القاعدہ سے ہمدردی رکھنے والے افراد کو پناہ دی جاتی تھی۔