http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 31 December, 2006, 16:54 GMT 21:54 PST

انڈونیشیا: 151 لوگ بچا لیے گئے

انڈونیشیا کے جاوا کے قریب ڈوبے بحری جہاز کے لوگوں کو امداد پہنچانے والی ٹیم کے اہل کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نےلائف بوٹ میں موجود متعدد لوگوں کو بچا لیا ہے۔

بحریہ کے اہل کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سمندر میں 10 لائف بوٹ دیکھی ہیں لیکن طوفان کے سبب امدادی کارروائی میں رکاوٹیں آ رہی ہیں۔

ابھی تک امدادی کارروائی کے ذریعہ 151 لوگوں کو بچایا جا چکا ہے۔ دوسری طرف مقامی ملاحوں نے 66 لاشیں بھی برآمد کی ہیں۔

یہ بحری جہاز ہفتے کی صبح انڈونشیا کے جزیروں جاوا اور بورنیو کے درمیان سفر کے دوران طوفان آنے سے ڈوبا تھا۔ اس جہاز پر 600 افراد سوار تھے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ جہاز جکارتہ کےشمال مشرق میں قریباً تین سو کلومیٹر کے فاصلے پر ڈوبا۔ علاقے میں تیز لہروں اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

متعدد مسافروں کو کھلے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے کے لیے موجود چھوٹی کشتیوں نے بچایا جبکہ عینی شاہدین نے کچھ افراد کو لائف بوٹس پر سوار بھی دیکھا ہے۔

مقامی پولیس کے سربراہ نے بتایا ہے کہ جہاز میں سفر کرنے والوں کی فہرست کے مطابق اس بحری جہاز میں صرف دو سو افراد سوار تھے لیکن اصل میں یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔

انڈونیشیا میں بحری جہاز اور کشتیاں ملک کے سترہ ہزار جزائر کے درمیان سفر کا سستا اور مقبول ذریعہ ہیں۔ نامہ نگاروں کے مطابق ان بحری جہازوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جاتا اور گنجائش سے زیادہ مسافروں کو سوار کر لیا جاتا ہے۔

اس حادثے کے بارے میں جب انڈونشیا کے بحری افسران سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ رات کو تقریبًا بارہ بجے کے بعد جہاز کے عملے نے کوسٹ گارڈز سے رابطہ کرکے ان کو بتایا کہ ان کا جہاز بے قابو ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں کا آغاز صبح ہوتے ہی کر دیا گیا تھا لیکن تیز ہواؤں اور طوفان کی وجہ سے ان میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔