Saturday, 30 December, 2006, 02:51 GMT 07:51 PST
عراق کے معزول صدر صدام حسین کی پھانسی سے قبل امریکی وزارتِ خارجہ کی جانب سے تمام امریکی سفارتخانوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پھانسی کے ردعمل کے حوالے سے ضروری تیاریاں کر لیں۔
امریکی وزارتِ خارجہ کے سینئر افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں میں بذریعہ ’ڈپلومیٹک کیبل‘ یہ پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ وہ سابق عراقی صدر کی سزا پر عملدرآمد کے بعد ہونے والے ردعمل سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
ادھر عراق میں مزاحمت کاروں کی جانب سے پھانسی کے ردعمل میں حملوں کے خطرے کے پیش ِنظر عراق میں بھی حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اس موقع پر کرفیو بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عراقی صوبے صلاحدین کے گورنر نے کہا ہے کہ صدام کو پھانسی دیے جانے کی صورت میں وہ تکریت میں چار دن کے لیے کرفیو نافذ کر دیں گے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ بغداد میں بھی کرفیو لگایا جائے گا یا نہیں۔