Saturday, 30 December, 2006, 10:25 GMT 15:25 PST
عراق کے معزول صدر صدام حسین کو بغداد کا انتہائی محفوظ علاقہ کہلانے والے ’گرین زون‘ کے نواح میں واقع خادمیہ میں قائم جیل کے اندر پھانسی دی گئی۔ اس احاطے کو امریکی ’کیمپ جسٹس‘ یا انصاف کا مقام کہتے ہیں۔
پھانسی کا یہ عمل سنیچر، تیس دسمبر دوہزار چھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح کے پانچ بجکر تیس منٹ سے لیکر پانچ بجکر پنتالیس منٹ، یعنی تقریباً پندرہ منٹ کے اندر انجام پایا۔
اس وقت بغداد نماز فجر کی اذانوں سے گونج رہا تھا۔
![]() | |
| مقدمہ کی سماعت کے دوران صدام حسین اپنے پاس قرآن مجید کا نسخہ رکھتے تھے۔ |
صدام حسین کو جب تختۂ دار تک لایا گیا تو اس وقت ان کے ہاتھ میں قرآن مجید کا ایک نسخہ تھا۔ اس عرصے میں وہ بالکل چپ تھے مگر انہوں نے نسخہ ایک شخص کو تھماتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے دوست (جس کا انہوں نے نام لیا) کو دیدیا جائے۔
صدام کو پھانسی کا حکم پڑھ کر سنایا گیا۔
جلاد، جس نے اپنا چہرہ لمبی کالی ٹوپی پہن کر چھپا رکھا تھا، جب صدام حسین کے گلے میں پھندا ڈالنے سے پہلے انہیں ہُڈ یا لمبی کالی ٹوپی پہنانے کے لیے آگے بڑھا تو انہوں نے اسے پہننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ موت سے آنکھیں ملانا چاہتے ہیں۔
موقع پر موجود عراقی اہلکاروں کے مطابق صدام حسین نے تختہ دار پر پہنچ کر نعرہ تکبیر بلند کیا، کلمہ پڑھا اور آواز لگائی ’عراق تا ابد قائم رہے اور فلسطین عربوں کا ہے‘۔
اس کے بعد ان کے پیروں کے نیچے سے تختہ سرکا دیا گیا اور دو عشروں سے زیادہ عراقیوں کے سیاہ و سفید کا مالک رہنے والے معزول صدر صدام حسین کا جسم ان کی گردن کے گرد کسی رسی سے جھولنے لگا۔
صدام حسین کی پھانسی کی ویڈیو بنائی گئی ہے تاکہ اسے ٹیلی ویژن پر نشر کرکے لوگوں کو ان کی موت کے بارے میں باور کروایا جا سکے۔