Saturday, 30 December, 2006, 20:20 GMT 01:20 PST
عراق کے معزول صدر صدام حسین کی لاش کو ہفتے کی رات کو تکریت پہنچانے کے بعد ان کے قبیلے کے سربراہ کے سپرد کر دی گئی۔
اطلاعات کے مطابق صدام حسین کی میت کو رات بھر تکریت کےگاؤں عوجہ میں رکھا جائے گا اور علی الصبح انہیں دفنایا جائے گا۔
صدام حسین کی میت کو ایک امریکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے عوجہ پہنچایا گیا جہاں پر مقامی حکام اور صدام حسین کے قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کی لاش وصول کی۔
یاد رہے کہ صدام حسین زندگی بھر عوجہ کو شدید ناپسند کرتے رہے اور جب بھی ان کی گاڑی عوجہ کے قصبے کے قریب سے گزرتی تھی وہ نفرت سے اپنا چہرہ دوسری طرف پھیر لیتے تھے۔
اطلاعات کے مطابق کو صدام حسین کو عوجہ میں اس قبرستان میں دفنایا جائے گا جہاں ان کے بیٹوں اودے اور قصے کے علاوہ ان کی والدہ کی قبر بھی موجود ہے۔ عراق پر امریکی حملے کے بعد اودے اور قصے امریکی فوج کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔
تاہم بعد ازاں صدام کے خاندان کی جانب سے کہا گیا کہ عراق میں سکیورٹی کی صورتحال کے پیشِ نظر انہیں رمادی میں دفنایا جائےگا۔ رمادی بغداد سے قریباً ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اسے سنّی مزاحمت کاروں کا گڑھ تصور کیا جاتا رہا ہے۔