http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 28 December, 2006, 19:46 GMT 00:46 PST

پاکستانی منصوبے پر کرزئی کی تنقید

افغان صدر حامد کرزئی نے پاکستان کے اس فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے کہ پاک افغان سرحد کے بیشتر مقامات پر باڑ لگائی جائے گی اور بارودی سرنگیں بچھائی جائیں گی۔

پاک افغان سرحد: باڑ اور بارودی سرنگیں

صدر حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کرنے سے دہشت گردی کے خاتمے کی بجائے قبائلی خاندان تقسیم ہو جائیں گے۔

پشتون قبائل پاک افغان سرحد کے دونوں جانب بٹے ہوئے ہیں۔ افغانستان ہمیشہ سے پاکستان پر یہ الزام لگاتا آیا ہے کہ طالبان پاکستانی سرحد عبور کرکے افغانستان میں پرتشدد کارروائیاں کرنے آتے ہیں جبکہ پاکستان نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی کے بقول قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے مدارس ختم کرنا، باڑ لگانے یا بارودی سرنگیں بچھانے سے زیادہ مفید ثابت ہو گا۔

جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سرحد پر باڑ لگانے یا بارودی سرنگیں بچھانے سے ناصرف لوگوں کی نقل حرکت متاثر ہو گی بلکہ پاک افغان تجارت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے‘۔

اقوامِ متحدہ نے بھی یہ کہتے ہوئے پاکستانی منصوبے پر تنقید کی ہے کہ اس سے عام شہریوں کی اموات میں اضافہ ہو جائے گا۔

منگل کو پاکستانی دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ پاک افغان سرحد پر موجود باڑ اور بارودی سرنگیں طالبان کو سرحد عبور کرکے نیٹو فوج کے ساتھ لڑنے سے باز رکھیں گی۔

حکام کے مطابق پاکستان اپنے سرحدی علاقے میں باڑ لگائے گا اور بارودی سرنگیں بچھائے گا اور اس مقصد کے لیے اسے افغانستان سے معاہدہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ سرحدی دراندازی روکنے کے لیے مزید فوجی چوکیاں بھی بنائی جائیں گی۔