http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 22 December, 2006, 13:12 GMT 18:12 PST

القاعدہ کے خلاف کامیابی کا دعویٰ

عراق کے مغربی صوبہ انبار سے تعلق رکھنے والے سنی قبائل کے سرداروں کے ایک گروہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پچھلے کچھ ماہ میں انہوں نے القاعدہ کے ایک سو سے زائد ارکان کو پکڑا ہے۔

قبائلی سرداروں نے انبار میں امن و امان کے قیام کے لیے ’سالویشن کونسل‘ کی بنیاد رکھی اور پھر اس سال ستمبر میں حکومتی فورسز میں شامل ہو گئے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ علاقے میں اسلحہ اور غیر ملکی جنگجوؤں کو کم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

انبار میں آبادی کی اکثریت سنی فرقہ سے تعلق رکھتی ہے اور یہ علاقہ القاعدہ میں شامل غیر ملکی جنگجوؤں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ سالویشن کونسل کے سربراہ شیخ فیصل الگود نے بی بی سی بات کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی انبار میں القاعدہ کے ہزاروں جنگجو اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شیخ فیصل کے مطابق القاعدہ کے زیادہ تر جنگجو اور اسلحہ ہمسایہ عرب ممالک شام اور سعودی عرب اور کچھ دور دراز کے عرب ممالک اور افغانستان سے آتا ہے۔

امریکی فوج کو انبار میں امن و امان کی بحالی کی کوششوں میں کافی دشواریوں کا سامنا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق قبائلی سنی قبائلی سرداروں کے القاعدہ کے خلاف کامیابی کے دعوؤں کی تصدیق بہت مشکل کام ہے۔ پچھلے ماہ ان سرداروں نے القاعدہ کے پچپن جنگجوؤں کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ادھر سنی علماء کی ایک تنظیم ’مسلم سکالرز ایسوسی ایشن‘ کے شیخ حارث الدری نے قبائلی سرداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈاکو ہیں جو عراقی مزاحمت کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔