http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 20 December, 2006, 12:52 GMT 17:52 PST

’سیکولر انتخابات حل نہیں ہیں‘

القاعدہ کے دوسرے اہم رہنما ایمن الظواہری کی ایک نئی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے فلسطینی انتظامیہ کے لیے نئے انتخابات کرانے کی تجویز پر تنقید کی ہے۔

الجزیرہ ٹی وی سے نشر ہونے والی ویڈیو میں اسامہ بن لادن کے نائب نے کہا کہ ’فلسطین کو آزاد کرانے‘ کا واحد راستہ جہاد ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے فلطسینی صدر محمود عباس نے قبل از میعاد انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ایمن الظواہری نے کہا ’ جہاد کے علاوہ کوئی بھی دوسرا راستہ اپنایا گیا تو اس کا نتیجہ سوائے نقصان کے کچھ نہیں ہوگا۔ جو لوگ اسلامی سرزمین کو سیکولر آئین کے تحت ہونے والے انتخابات سے آزاد کرانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اس طرح فلسطین کی ریت کے ایک ذرّے کو بھی آزادی نہیں دلا سکتے۔‘

ویڈیو میں الظواہری نے سفید لباس اور سیاہ پگڑی پہنی ہوئی ہے۔

الجزیرہ ٹی وی پر شروع میں ویڈیو کے صرف چند اقتباسات دکھائے گئے ہیں اور ان سے یہ واضح نہیں ہو رہا تھا کہ یہ ویڈیو کب بنائی گئی ہے۔

ایمن الظواہری کا کہنا تھا کہ فسلطینیوں کو چاہیے کہ وہ ’مغرب سے پسپا نہ ہوں۔‘

سنیچر کے روز محمود عباس کی طرف سے انتخابات کا اعلان ہونے کے بعد ان کی الفتح پارٹی اور موجودو حکومت کے اکثریتی گروپ حماس کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔ تاہم منگل کو محمود عباس اور وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ نے دونوں گروپوں کے کارکنوں سے جھڑپیں ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔