http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 14 December, 2006, 18:57 GMT 23:57 PST

اہم تامل مذاکرات کار وفات پا گئے

سری لنکا کے باغی تامل ٹائیگرز کے سینئر مذاکرات کار انٹن بالاسنگھم لندن میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

سرکاری طور پر تامل ٹائیگرز کے نظریاتی رہنما اور مشیر کہلانے والے انٹن بالا سنگھم نے گزشتہ پچیس سالوں میں سری لنکا کی تامل اقلیت کے لیے بے مثال سیاسی جدوجہد کی۔ نرم گو طبیعت کے مالک بالا سنگھم سالوں تک تامل ٹائیگرز کا ’عوامی چہرہ‘ بن کر رہے۔

وہ تامل ٹائیگرز کی سری لنکا کی فوج کے خلاف جنگ میں سینئر مذاکرات کار کا کردار ادا کرتے تھے اور تامل باغیوں کے اعتدال پسند رہنما سمجھے جاتے تھے۔

اپنی زندگی کے ابتدائی ایام میں بالاسنگھم کولمبو کے ایک اخبار میں صحافی کے طور پر کام کرتے تھے۔ بعد میں انہوں نے مترجم کی حیثیت سے برطانوی سفارتخانے میں نوکری کی۔

بالا سنگھم تامل علیحدگی پسند تحریک کے پرامن حل کے لیے ناروے اور دیگر بین الاقوامی طاقتوں کا اولین رابطہ تھے۔

تامل ٹائیگرز کے فوجی ترجمان رسایا ایلنتھریا کے بقول تامل لیڈر شپ انٹن بالاسنگھم کی اعزازی تدفین کے انتظامات کرنے میں مصروف ہو گئی ہے۔

علالت کے دوران بالاسنگھم نے تامل باغیوں کی حامی ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی بیماری کو ایک ذاتی سانحہ قرار دیا تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’اگر میری تکلیف کا میرے لوگوں کی تکالیف کے وسیع سمندر سے موازنہ کیا جائے تو میری تکلیف سمندر میں ایک کنکری کی مانند ہے‘۔

سری لنکا میں تامل علیحدگی پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان اس سال پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔