Thursday, 14 December, 2006, 01:08 GMT 06:08 PST
امریکہ نے کہا ہے اگر سوڈان نے اقوام متحدہ کی امن فوج کو خطے میں تعینات کرنے میں اپنی رکاوٹیں جاری رکھی تو وہ ’دوسرے اقدامات‘ کرنے پر غور کرے گا۔ تاہم امریکی وزارت خارجہ نے ان ’دوسرے اقدامات‘ کی تفصیل نہیں بتائی ہے۔
البتہ برطانیہ کے وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر کے ایک ترجمان نے کہا کہ منصوبہ بی کے تحت خطے میں نو فلائی زون قائم کیا جاسکتا ہے۔
اگرچہ دوسرے اقدامات کے متعلق ابھی واضح طور نہیں بتایا گیا ہے لیکن خیال ہے کہ اس میں سوڈان کی بحری ناکہ بندی یا فضائی حملہ شامل ہوسکتا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کو ان اقدامات کی حمایت کرنی ہوگی۔
اس سے قبل جینیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دارفور میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد بھیجا جائے۔
اقوامِ متحدہ کے اندازوں کو مطابق تین سال سے جاری لڑائی میں کم از کم بیس لاکھ افراد بےگھر اور دو لاکھ کے قریب ہلاک ہوئے ہیں۔