Monday, 11 December, 2006, 07:25 GMT 12:25 PST
فسلطینی علاقے غزہ سٹی میں ایک سکول کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے صدر محمود عباس کے ایک قریبی ساتھی کے تین بیٹوں سمیت چار افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔
ہلاک ہونے والے آٹھ سالہ احمد، سات سالہ اندوسمہ اور چھ سالہ اسلام فلسطینی خفیہ سروس کے ایک سینئر اہلکار باہا بلوشے کے بیٹے بتائے جا رہے ہیں۔ فائرنگ سے دو بچوں سمیت چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق تینوں بھائی سکول جانے کے لیے گاڑی سے اتر رہے تھے کہ مبینہ طور پر ایک دوسری چلتی ہوئی گاڑی سے ان پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں کمسن بھائیوں کے علاوہ ان کے ڈرائیور محمود الہادل بھی ہلاک ہوگئے۔
باہا بلوشے فلسطینی صدر محمود عباس کی تنظیم فتح کے وفادار سمجھے جاتے ہیں اور دس سال قبل حماس کے خلاف کی جانے والی ایک بڑی کارروائی میں وہ پیش پیش تھے۔
ایک روز قبل حماس سے تعلق رکھنے فلسطینی وزیر داخلہ سعید صیام کی گاڑیوں کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی لیکن وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔
صدر محمود عباس کی جماعت فتح اور وزیراعظم اسماعیل ہانیہ کی جماعت حماس میں قومی اتفاق رائے کی حکومت بنانے کے مسئلہ پر مذاکرات کی ناکامی کے بعد فلسطینی علاقوں میں کافی تناؤ پایا جاتا ہے۔
محمود عباس گذشتہ روز قبل از وقت انتخاب کرانے کا عندیہ بھی دے چکے ہیں، جبکہ ان کے اس بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو انارکی کی سی صورتحال پیدا ہوجائے گی۔ انہوں نے قبل از وقت انتخابات کو حماس کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے مترادف قرار دیا۔