http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 08 December, 2006, 02:21 GMT 07:21 PST

احتجاج جاری رہے گا: حسن نصراللہ

حزب اللہ کے رہنماء شیخ حسن نصراللہ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اکٹھے ہوئے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم فواد سنیورا کی حکومت کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

بیروت کے مرکزی حصے میں کئی دن سے حکومت مخالف مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہزاروں لوگوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے مخاطب حزب اللہ کے قائد کا کہنا تھا ’لبنان کو ایک نئی حکومت کی ضرورت ہے جو بیرونی اثر سے آزاد ہو‘۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ مذاکرات کے لیے تیار ہے اور وہ اپنے ہم وطن لبنانیوں نے متصادم نہیں ہوگی۔ انہوں نے شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے لبنانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سنیوں اور عیسائیوں سے جھگڑا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

حزب اللہ، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اسے ایران اور شام کی حمایت حاصل ہے، نے پچھلے ماہ حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

لبنانی وزیراعظم کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران انہوں نے حزب اللہ کے ذرائع رسد کو منقطع کر دیا تھا۔ حسن نصراللہ نے نام لیے بغیر وزیراعظم فواد سنیورا کی حکومت کے ایک نمائندے پر اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ رکھنے کا الزام بھی لگایا۔

ان کا کہنا تھا ’حزب اللہ کو شکست دلانے کی کوشش کی گئی، تاکہ یہ کمزور ہو جائے۔ یہی لوگ جنگ کے ذمہ دار ہیں نہ کہ مزاحمتی تحریک (حزب اللہ)‘۔

ادھر وزیراعظم فواد سنیورا کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کو آخر کار ان سے مذاکرات کرنے پڑیں گے۔ ’تمام لبنانیوں کو بہرحال مل بیٹھنا پڑے گا چاہے اس میں کتنا ہی عرصہ کیوں نہ لگے‘۔