Sunday, 26 November, 2006, 17:33 GMT 22:33 PST
پوپ بینڈکٹ کے مجوزہ ترکی دورہ کے خلاف استنبول میں مسلمانوں نے مظاہرہ کیا ہے۔
اس موقع پرپوپ بینڈکٹ سولہویں کی تصویر ایک سکرین پر دکھائی جا رہی تھی اور وہ انہیں ترکی نہیں آنے کو کہہ رہے تھے۔
اس مظاہرہ کا انعقاد اسلامک فیلیسٹی پارٹی نے کیا تھا۔ اس جماعت کی پارلیمان میں نمائندگی نہیں ہے۔
پوپ کے خلاف مسلم ممالک میں ستمبر سے ناراضگی بڑھی ہے جب انہوں نے چودھویں صدی کے ایک عیسائی حکمران کے حوالے سے اسلام کے پیغمبر محمد پر تنقید کی تھی۔
منگل سے شروع ہونے والا یہ پوپ کا مسلم ممالک کا پہلا دورہ ہوگا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس مظاہرے میں 25 ہزار لوگوں نے حصہ لیا۔
روم سے پوپ نے ترکی کے عوام کو بھیجے اپنے پیغام میں ان کی تاریخ اور ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے ترکی کے عوام سے دوستانہ تعلقات کی امید کا اظہار کیا۔
پوپ استنبول کی بلو مسجد کا دورہ کرنے والے ہیں۔ پوپ بننے کے بعد کسی بھی مسجد کا انکا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
درین اثنا ترکی کے وزیر خارجہ عبداللہ گل نے پوپ کی آمد کو مسلمانوں اور عیسایئوں کے مابین پھیلی غلط فہمی کو دور کرنے والا بتایا ہے۔