Sunday, 26 November, 2006, 15:23 GMT 20:23 PST
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت کی ایک خفیہ رپورٹ کے مطابق عراق کے شدت پسند گروپ اقتصادی طور پر کافی مضبوط بن گئے ہیں۔
اخبار کے مطابق اس خفیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدت پسند گروپ غیر قانونی طور پرسالانہ 70 سے 200 ملین ڈالر حاصل کرتے ہیں۔ یہ رقم عام طور پر تیل کی سمگلنگ اور لوگوں کو اغوا کر کے حاصل کی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سمگلنگ کے ذریعہ ایک سو ملین ڈالرتک حاصل کیئے حاتے ہیں جبکہ اغوا برائے تاوان سے شدت پسند گروپوں کو لگ بھگ 36 ملین ڈالر حاصل ہوتے ہیں۔
شدت پسند گروپوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ بغداد کے مغرب میں امبرصوبے میں القاعدہ اور مقامی شدت پسند گروپوں کے درمیان لڑائی ہو رہی ہے۔
امریکی فوج کاکہنا ہے کہ وہ ابو سودہ قبیلے کی حمایت میں القاعدہ کے خلاف فضائی حملے کر رہی ہے۔ خبروں کےمطابق القاعدہ اوراس شدت پسند گروپ کے درمیان لڑائی میں کئی لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔
ابو سودہ گروپ عراقی حکومت کی حامی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے تازہ جھڑپوں میں کم از کم 45 شدت پسند اور نو قبائلی لڑاکے ہلاک ہو گئے ہیں۔