http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 26 November, 2006, 13:37 GMT 18:37 PST

کارٹون تنازع: یمن میں مدیر کو جیل

یمن کی ایک عدالت نے ایک اخبار کے مدیر کوڈنمارک میں گزشتہ برس شائع ہونے والے متنازع کارٹونوں کی دوبارہ اشاعت پر ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔

یمن کے انڈیپنڈنٹ ویکلی نامی جس اخبار میں یہ کارٹون شائع ہوئے ہیں، عدالت نے اس کی اشاعت پر بھی اگلے چھ ماہ تک پابندی عائد کردی ہے۔

اخبار کے مدیر کمال العلافی کا کہنا ہے کہ انہوں نے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے یہ کارٹون شائع کیے تھے اور اس کا مقصد مسلمانوں کی توہین نہیں تھی۔

ڈنمارک کے اخبار جے لینڈ پوسٹن میں گزشتہ سال ستمبر میں یہ کارٹون شائع کیئے گئے تھے جس کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے اس پر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

کمال علافی فی الوقت ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں اور اب وہ اپنی سزا کے خلاف عدالت میں اپیل کریں گے۔ یمن کی دو دیگر مطبوعات کے مدیران کو بھی ایسے ہی الزامات کا سامنا ہے۔