http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 24 November, 2006, 10:50 GMT 15:50 PST

سری لنکا لڑائی میں بیس ہلاک

سری لنکا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملک کے شمالی صوبے بٹیکالوا میں تامل ٹائیگر باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان لڑائی میں بیس سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سری لنکا کی فوج کی اپنی ویب سائٹ پر شائع ایک بیان کے مطابق باغیوں کی طرف سے فوجیوں پر حملے کے بعد اس نے جمعرات کو مذکورہ علاقے میں ٹینک اور لڑاکا طیارے بھیجے تھے۔

یہ لڑائی اس وقت ہوئی ہے جب بھارت کے خارجہ سیکریٹری شو شنکر مینن سری لنکا کے دورے پر آئے۔ واضح رہے کہ خارجہ سیکریٹری کے اس دورے کا مقصد اگلے ہفتے سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجاپاکسے کے بھارت کے دورے سے پہلے بات چیت کرنا تھا۔

سری لنکا کے وزیراعظم اپنے دورے کے دوران بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ سے اہم مذاکرات کریں گے۔

گزشتہ سال کے دوران سری لنکا میں باغیوں کے ساتھ لڑائیوں میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔