Thursday, 23 November, 2006, 13:17 GMT 18:17 PST
شام مخالف سیاستدان پیئر الجمیل کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
لوگوں کی بڑی تعداد نے جھنڈے اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے اور وہ سینٹ جارج کیتھڈرل کے قریب اکھٹے ہوئے۔
اس جنازے کو ایک سیاسی ریلی کی حیثیت سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔ دارلحکومت میں کشیدگی کے خدشے کے باعث سینکڑوں کی تعداد میں فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔
لبنانیوں کی بڑی تعداد نے شام کی حکومت کو پیئر الجمیل کے قتل میں ملوث قرار دیا ہے لیکن دمشق سے جاری بیانات نے اس طرح کے الزامات کو رد کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لبنان سے آنے والی اس درخواست پر کہ وہ پیئر الجمیل کے قتل کی تحقیق کرے، آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
لبنان کے وزیرِ صنعت اور میرو نائٹ کرسچن رہنما پیئر الجمیل کو بیروت میں منگل کے روز نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔ پچھلے دو سالوںپیئر الجمیل سمیت پانچ شام مخالف لبنانی رہنماؤں کا قتل کیا جا چکا ہے۔
پیئر الجمیل کے قتل کے بعد لبنان میں جاری سیاسی بحران میں مذید اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل شام نواز چھ وزراء نے کابنیہ میں اپنے استعفے دے دیے تھے۔ اگر کابنیہ کے مذید دو وزیر ہلاک یا مستعفی ہو جاتے ہیں تو لبنان کی حکومت ختم ہو جائے گی۔
امریکی صدر جارج بش نے کہا ہے کہ وہ لبنان کی خودمختاری کی حمایت کریں گے جو کہ ایران اور شام کی دخل اندازی کی وجہ سے ختم ہو گئی ہے۔