http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 23 November, 2006, 11:45 GMT 16:45 PST

ریکارڈ افغان ہیروئن یورپ میں

اقوام متحدہ نے اس بات کی تنبیہ کی ہے کہ اس برس افغانستان سے ریکارڈ مقداد میں ہیروئن سمگل ہو کر یورپ میں پہنچی ہے اور امکان ہے کہ کئی افراد اس کو زیادہ مقدار میں استعمال کریں گے۔

اقوامِ متحدہ کے انسدادِ منشیات کے ادارے نے یورپی میئرز کو خط لکھ کر اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ منشیات کے عادی کئی افراد موت کا شکار ہو سکتے ہیں۔

اینٹونیو ماری کوسٹا نے کہا ہے کہ ہیروئن کی اتنی بڑی مقدار کی سمگلنگ کے باعث اس کو ملاوٹ کے بغیر فروخت کیا جائے گا اور یہ اور زیادہ خطرناک ہو جائے گی۔

یورپ افغانستان سے سمگل ہو کر آنے والی ہیروئن کی سب سے بڑی منڈی ہے اور اس سال افغانستان میں پوست کی کاشت میں 59 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

اینٹونیو ماری کوسٹا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’بعض یورپی شہروں میں منشیات کا استعمال باقیوں کی نسبت زیادہ ہے۔ یہ ممنوعہ ادویات ہماری نوجوان نسلوں اور مستقبل کے لیے بہت بڑا خطرہ ہیں‘۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے میئرز اور یورپی کمیونٹی کو اس بات کی تاکید کی ہے کہ وہ اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر طرح کے اقدامات کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ یورپی سیاستدانوں کو اس بات کی زمہ داری لینی چاہیے کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے علاقوں میں کیا ہو رہا ہے اور ان کو اس بات کی توقع نہیں کرنی چاہیے کہ کوئی اور آ کر ان کے علاقوں میں منشیات سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرے گا۔