Tuesday, 21 November, 2006, 17:00 GMT 22:00 PST
نیپال میں ماؤ نواز باغیوں اور حکومت کے درمیان امن معاہدے طے پا گیا ہے اور ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں دس سال سے جاری تشدد اب ختم ہو جائے گا۔
ماؤ نواز باغیوں اور سرکاری اہلکاروں کے درمیان اس امن معاہدہ کی دستاویز کا تبادلہ دارالحکومت کھٹمنڈو میں منگل کو ہونے والی ایک تقریب میں کیا گیا۔
ماؤ نواز باغی دس سال سے جاری مسلح جدوجہد ترک کر کے اب ملکی سیاست میں حصہ لیں گے اور پارلیمنٹ میں نمائندگی حاصل کرنے کے لیئے جمہوری عمل میں شریک ہوں گے۔
ماؤ نواز باغیوں اور حکومت کے درمیان یہ معاہدہ طے پانے کی کئی دنوں سے توقع کی جا رہی تھی۔
نیپال میں دس سال سے جاری کشمکش میں تیرہ ہزار کے قریب لوگ ہلاک ہوئے۔
ماؤ نواز باغیوں اور حکومت کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد طے ہونے والے معاہدے کو پڑھ کر سناتے ہوئے ایک اعلی حکومتی مذاکرات کار کرشنہ سٹیولانہ نے جنگ ختم ہونے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا چھ ماہ قبل ہونے والی جنگ بندی اب مستقل ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کے بعد جو بھی تشدد کے واقعات میں ملوث ہوگا اسے ملکی قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔
معاہدہ کا اعلان کرنے کے لیئے منعقد کی جانے والی تقریب میں سفارت کاروں، سیاست دانوں ، سرکاری اہلکاروں اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔