Tuesday, 21 November, 2006, 05:49 GMT 10:49 PST
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ اس سال لڑائی میں کلسٹر بموں کے استعمال کی تفتیش کرے گی۔ اسرائیل نے یہ اعلان ان اطلاعات کے بعد کیا ہے کہ اس کی فوج کے کچھ یونٹوں نے بڑے پیمانے پر ایسا نہ کرنے کی ہدایت کے باوجود جنوبی لبنان میں کلسٹر بم فائر کیے تھے۔
اسرائیلی فوجی کے جنرل ڈین ہلوٹز نے اسرائیلی فوج کے ریڈیو پر کہا کہ انہیں ان بموں کے استعمال پر مایوسی ہوئی ہے اور یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ آیا لڑائی کے دوران ضوابط کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔
اسرائیلی فوجی کے نچلے درجے کے ایک افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ کلسٹر بموں کا پہلے سے فیصلہ ہو چکا تھا۔
کلسٹر بم پھٹنے پر بہت سے چھوٹے چھوٹے بم ہر طرف پھیل جاتے ہیں اور جنوبی لبنان میں لڑائی کے خاتمے کے بعد سے بیس افراد ایسے بموں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے لبنان میں بہت سے بم پھٹے نہیں اور مسلسل خطرہ ہیں۔ حزب اللہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے بھی کلسٹر بم استعمال کیے تھے۔