Monday, 20 November, 2006, 01:10 GMT 06:10 PST
افغانستان میں خراب موسم کی وجہ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جہاں کم سے کم باون افراد ہلاک ہو چکے ہیں امداد کی فراہمی میں مشکل پیش آرہی ہے۔
ایک افغان اہلکار نے بتایا کہ امدادی سامان سے لدے ٹرک کچے راستوں پر کھڑے ہیں جبکہ نیٹو کے ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے استعمال نہیں کیے جا سکتے۔
بغدیس کے سیلاب سے متاثرہ صوبے میں حکام نے بتایا کہ تین روز بعد بھی ایک سو افراد لاپتہ ہیں۔
دریں اثنا افغان حکومت نے دور افتادہ علاقوں میں امداد کے لیے بین الاقوامی امداد طلب کی ہے۔ ہنگامی حالت سے نمٹنے کے ادارے کے سربراہ نے خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا فوری امداد نہ ملی تو متاثرہ اضلاع میں انسانی بحران کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ کے اداروں نے بھی موسم سرما میں خوراک کی کمی سے نمٹنے کے لیے فنڈز مانگے ہیں۔
افغانستان کے مغرب اور جنوب شدیش بارشیں سردیوں کی آمد کا اعلان ہیں اور یہ کئی ماہ کی خشک سالی کے بعد آئی ہیں جس دوران سینکڑوں خاندان گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔