http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 14 November, 2006, 05:51 GMT 10:51 PST

لبنان: رفیق حریری ٹریبونل کی توثیق

ایک اور وزیر کے مستعفی ہونے کے باوجود لبنانی کابینہ نے حریری قتل کے لیے اقوام متحدہ کے اس ٹریبونل کی توثیق کر دی ہے جو ملزان کے خلاف الزامات کی سماعت کرے گا۔

حزب اللہ کی وضاحت، استعفے نامنظور
حزب اللہ نے استعفے دیدیے
اس قتل کے سلسلے میں شام پر یہ الزام ہے کہ اس کی خفیہ ایجنسی کے لوگوں نے فروری دوہزار پانچ میں ہونے والی اس کا رروایی میں حصہ لیا۔

کابینہ کے فیصلے کے اعلان سے قبل ایک اور وزیر نے کابینہ سے استعفیٰ دے دیا جس کے ساتھ مستعفی ہونے والے وزرا کی تعداد اب چھ ہو گئی ہے۔

مستعفی ہونے والے ان وزرا کا تعلق حزب اللہ سے ہے اور کہا جاتا ہے کہ اس استعفوں کا تعلق ٹریبونل کی توثیق رکوانے سے ہے لیکن حزب اللہ نے اس کی تردید کی ہے۔

استعفے حکومت میں زیادہ اختیارات حاصل کرنے کے لیے دیے گئے تھے۔

گزشتہ لبنانی صدر امیل لحود نے کہاتھا کہ وزراء کے مسلسل استعفوں کے بعد کابینہ کا اجلاس غیر آئینی ہو گا اور یہ بھی کہ حکومت اپنے وجود کا استحقاق کھو بیٹھی ہے۔

حزب اللہ کے ایک مستعفی وزیر محمد جواد خلیفہ نے ان استعفوں کا جواز بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’موجودہ کابینہ لبنان کی سیاسی منظر نامہ پر ظاہر ہونے والی تبدیلیوں کی عکاس نہیں ہے‘۔

اس سال اگست میں بھی حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ارکان نے لبنان کی کابینہ کے اس اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی دے دی تھی جس میں اسرائیل کے ساتھ فائر بندی کا معاملہ زیر بحث آنا تھا۔

حزب اللہ لبنان کی سب سے اہم عسکری طاقت ہے جس کی حمایت کا بہت بڑا منبع وہ شیعہ آبادی ہے جو اس علاقے میں رہتی ہے جہاں سے اسے نکلنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔