Wednesday, 15 November, 2006, 01:16 GMT 06:16 PST
وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے صدر بش کی طرف سے قائم کردہ عراق سٹڈی گروپ سے بات چیت میں کہا ہے کہ عراق میں تشدد پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو تیز کر دیا جائے۔
وزیر اعظم ٹونی بلیئر منگل کو عراق سڈی گروپ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تبادلہ خیال کر رہے تھے۔
لندن میں حکام کا کہنا ہے کہ ٹونی بلیئر نے پورے مشرق وسطیٰ کے بارے میں پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی بات کی ہے۔
ٹونی بلیئر نے کہا کہ عراق کے معاملے پرمعتدل اسلامی ملکوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ فلسطین پر پیش رفت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پیش رفت سے انتہا پسند عناصر صورت حال سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے اور ایران اور شام سے عراق کے معاملے پر حمایت حاصل کی جاسکے گی۔