http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 10 November, 2006, 13:28 GMT 18:28 PST

ایشیا ریل منصوبے پر دستخط

ایشیا کے کئی ممالک کو جوڑنے والے ایک ریل منصوبے سے متعلق معاہدے پر پاکستان سمیت اٹھارہ ایشیائی ملکوں نے دستخط کر دیے ہیں۔

پاکستان کے چیرمین ریلویز شکیل درانی نے بتایا ہے کہ وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد اس اجلاس میں شریک ہیں اور پاکستان دستخط کرنے والوں میں شامل ہے۔

اس معاہدے پر دستخط جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں جاری وزارتی سطح پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران ہوئے۔

’آئرن سِلک روڈ‘ کہلانے والا یہ منصوبہ اقوام متحدہ کا تقریباً پچاس برس پہلے کا پیشکردہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت ریل سلسلہ سنگاپور سے ترکی تک جائے گا اور اس سے اندرون ایشیا کے علاوہ کئی ممالک سے یورپ کا بلواسطہ ریل رابطہ بھی قائم ہوگا۔

اقوام متحدہ کے اہلکار کِم ہاک سو کے مطابق یہ ریل ایشیا کے ممالک کے لیے ’مشترکہ خوشحالی‘ لائے گا۔

اجلاس میں موجود دس ممالک کے نمائندوں نے ابھی اس معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں لیکن انکا کہنا ہے کہ اس کی وجہ اختلافات نہیں بلکہ دیگر رسمی امور ہیں۔

’انٹرگورمینٹل اگریمنٹ آن دا ٹرانس ایشین ریلوے نیٹورک‘ نامی معاہدے کا مقصد یہ ہے کہ تمام متعلقہ ممالک کی حکومتیں اس منصوبے کے ڈھانچے پر متفق ہو سکیں۔

آئرن سِلک روڈ پر اقوام متحدہ کی کمیشن کے مطابق یہ ریل سلسلہ ایشیا کے ان ممالک کو جوڑے گا جو بین الاقوامی لحاظ سے اہم ہیں۔ ان ممالک میں بھارت اور پاکستان بھی شامل ہیں۔ یہ ریل وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق بعید کے ممالک سے گزرے گا۔ کمیشن کے مطابق اس ریل سے ایشیا کے ممالک کے درمیان ثقافتی اور تجارتی تعلقات دونوں مضبوط ہو سکیں گے۔