Tuesday, 07 November, 2006, 19:29 GMT 00:29 PST
عراق کی وزارت داخلہ نے اعلٰی سکیورٹی اہلکاروں سمیت اپنے 57 ملازمین پر حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے۔
حقوق انسانی کی ان خلاف ورزیوں کا تعلق مئی میں سامنے انے والی ایک خفیہ جیل سے ہے۔ یہ جیل عراقی اور امریکی اہلکاروں نے مشرقی بغداد کی ایک عمارت میں دریافت کی تھی۔ یہ جیل شیعہ اکثریتی وزارت کے اختیار میں تھی۔
اس جیل میں 1400 افراد رکھے گئے تھے جن میں سے بیشتر سنی تھے۔ ان میں سے کئی کے جسم پر شدید جسمانی اذیت کے نشانات موجود ہیں۔ انہیں ذنی تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
اس جیل کا نام ’سائیٹ فور‘ تھا۔ کہا جاتا تھا کہ یہ جیل عراقی پولیس کے شیعہ اہلکار چلاتے تھے۔
سابق وزیر داخلہ بیان جبر نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ تاہم ان کے جانشین جواد بولانی نے ہزاروں ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔ گزشتہ ماہ انہوں نے پولیس کی ایک مکمل بریگیڈ کو نوکری سے برخاست کردیا تھا۔
بی بی سی کے تجزیہ کار راجر ہارڈی کا کہنا ہے کہ ظلم و زیادتی کے واقعات با بار سامنے آنے سے نے صرف شیعہ اکثریتی حکومت کو شرمندگی کا سامنا ہے بلکہ یہ امریکیوں کے لیئے بھی باعث شرمندگی امر ہے۔