Monday, 23 October, 2006, 23:22 GMT 04:22 PST
ایران کے صدر احمدی نجاد نے کہا ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کی انتہا کو پہنچنے والا ہے۔
گزشتہ روز جنوبی تہران میں رے کے مقام پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کی جوہری صلاحیتیوں میں دس گنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن اپنے بنیادی حق سے دستبرادار نہیں ہو گا۔
ادھر روسی وزیر خارجہ سرگئی لیواروف نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے کمشنر سے بات چیت کے بعد کہا ہے کہ روس ایران کے جوہری تنازعے کا حل حتی المقدور مذاکرات سے چاہے گا۔
سرگئی لیواروف نے کہا ہے کہ ’اس وقت جاری بات چیت کے باعث تمام فریق صورت حال کو بہتر طور پر سمجھ رہے ہیں اور ایسے میں قوی امکانات ہیں کہ کوئی سمجھوتہ طے پا سکے جس سے مذاکرات کا راستہ کھلے‘۔
سرگئی لیواروف نے کہا کہ روس مذاکرات کی ضمن میں اپنی تما م تر کوشش کرے گا۔