Wednesday, 18 October, 2006, 11:22 GMT 16:22 PST
افغانستان میں ایک اطالوی صحافی کے اغوا کاروں نے کہا ہے کہ وہ ایک افغان شخص کے بدلے صحافی کو رہا کرنے پر تیار ہیں جو عیسائیت قبول کرنے کے بعد ملک چھوڑ کر چلا گیا تھا۔
عبدالرحمٰن کو کچھ عرصہ قبل تبدیلی مذہب کے بعد اٹلی میں پناہ دے دی گئی تھی۔
گیبریالا ٹورسیلو نامی صحافی کو گزشتہ جمعرات اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ جنوبی افغانستان میں ایک بس پر سفر کررہے تھے۔
اغوا کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عبدالرحمٰن کو ان کے حوالے کردیا گیا تو وہ ٹورسیلو کو رہا کردیں گے۔
افغانستان میں عبدالرحٰمن کو سزائے موت کا سامنا تھا۔ انہوں نے سولہ برس قبل اسلام ترک کردیا تھا۔ ان پر اسلام ترک کرنے کا الزام ہے۔ اس سال مارچ میں انہیں ذہنی طور پر بیمار بھی قرار دیا گیا تھا۔ جس کے بعد وہ اٹلی منتقل ہوگئے تھے۔
اغوا کاروں نے یہ مطالبہ ایک ہسپتال کی سکیورٹی کے سربراہ کو ایک فون کال کے ذریعے کیا ہے۔ یہ ہسپتال اٹلی کی امدادی ایجنسی چلاتی ہے۔
اغوا کاروں کا کہنا ہے کہ صحافی کے بدلے عبدالرحمٰٰن کی واپسی کا کام رمضان ختم ہونے سے پہلے کیا جانا چاہیئے۔ ابھی یہ معلوم نہیں اغوا کاروں کا تعلق کس گروہ سے ہے۔
اطالوی صحافی لندن میں کام کرتے ہیں اور انہوں نے تبدیلی مذہب کے بعد اسلام قبول کیا ہے۔ انہوں نے جنوبی افغانستان کے ایک مقامی ہسپتال میں فون کرکے مطلع کیا تھا کہ انہیں اغوا کرلیا یا ہے۔
افغانستان میں اطالوی صحافی کے ساتھی غلام محمد کا کہنا ہے کہ ٹورسیلو کو پانچ مسلح افراد نے اغوا کیا ہے۔
طالبان کے ایک نمائندے نے اس اغوا سے لاعلمی کا اظہا کیا ہے اور کہا ہے کہ اغوا کاروں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
اس سال کے آغاز پر دو جرمن صحافیوں کو شمالی افغانستان میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔