http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 15 October, 2006, 03:24 GMT 08:24 PST

اطالوی فوٹوگرافر افغانستان میں اغوا

ایک اطالوی فوٹو جرنلسٹ کو جنوبی افغانستان میں بس کے سفر کے دوران اغواء کر لیا گیا ہے۔

فوٹو جرنلسٹ گیبریئل ٹورسیلو افغانستان کے جنوبی صوبوں ہلمند اور قندھار کے درمیان بس میں سفر کر رہے تھے۔

ایک اطالوی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گیبریئل ٹورسیلو نے ایک مقامی اخبار کو ٹیلی فون کر کے بتایا ہے کہ انہیں جمعرات کو اغوا کر لیا گیا اور انہیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہے۔

دوسری طرف ایک افغان خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انہوں نے گیبریئل ٹورسیلو کے موبائل پر فون کیا تھا لیکن فون کا جواب گیبریئل کے بجائے ایک ایسے شخص نے دیا جو طالبان ہونے کا دعویٰ کر رہے تھے۔

’ہم طالبان ہیں اور ہم نے اس غیرملکی شہری کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔‘

فری لانس فوٹو جرنلسٹ گیبریئل ٹورسیلو ایک نومسلم ہیں اور آج کل لندن میں رہ رہے ہیں۔

پیس رپورٹر نامی اطالوی آن لائن اخبار کا کہنا ہے کہ گیبریئل نے صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں ایک ہسپتال کو فون کر کے بتایا کہ انہیں اغوا کر لیا گیا ہے اور انہیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہیں۔

ایک افغان خبر رساں ادارے نے مسٹر ٹورسیلو کے ساتھ سفر کرنے والے غلام محمد کے حوالے سے بتایا ہے کہ انہیں تین بندوق برداروں نے اغوا کیا ہے۔