http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 12 October, 2006, 07:25 GMT 12:25 PST

القاعدہ کے امریکی رکن پر مقدمہ

امریکہ کی ایک عدالت نے اس امریکی شہری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کیا ہے جو کہ القاعدہ کے تشہیری ویڈیو میں دیکھا گیا ہے۔

اٹھائیس سالہ ایڈم گادان کا تعلق ریاست کیلیفورنیا سے ہے اور وہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے پہلے امریکہ شہری ہیں جن پر بغاوت کا الزام لگایا گیا ہو۔

ایڈم گادان عرف ایڈم پیرلمین عرف اعظم الامریکی نے نوجوانی میں اسلام قبول کر لیا تھا۔ وہ اس وقت فرار ہیں اور حکام کا خیال ہے کہ پاکستان میں موجود ہیں۔ وہ پچھلے ماہ ایمن الظواہری کے ساتھ ایک ویڈیو میں دیکھے گئے۔

پچھلے ماہ جاری کی گئی ویڈیو میں انہوں نے امریکیوں کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ ان کو اسلام قبول کر لینا چاہیے اور عراق اور افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کو مخالفوں سے مل جانا چاہیے۔

انہوں نے اس ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ کسی مسلمان کو دہشتگرد حملوں میں ہلاک ہونے والے غیر مسلم کی موت پر افسوس نہیں ہونا چاہیے۔

ایڈم گادان پر خلاف فرد جرم میں ان پر الزام ہے کہ وہ امریکہ کے ایک دشمن کے ساتھ مل گئے اور ان کا مقصد امریکہ کے ساتھ غداری کا تھا۔

اس الزام میں موت کی سزا بھی ممکن ہے۔

ایڈم گادان لاس اینجلیز کے قریب بکریوں کے فارم پر پلے بڑھے تھے۔