Wednesday, 11 October, 2006, 00:52 GMT 05:52 PST
اسرائیل کے نائب وزیر اعظم شمون پیریز نے کہا ہے کہ وہ شام کے صدر بشر الاسد کو براہ راست مذاکرات کے لیئے یروشلم میں خوش آمدید کہیں گے۔
تاہم ملک کے وزیر اعظم ایہود اولمرت نے اپنے آپ کو شمون پیریز کے اس بیان سے علیحدہ رکھا ہے۔
شمون پیریز کے اسرائیلی ٹیلی ویژن پر اس بیان سے ایک روز قبل شام کے صدر بشرالاسد نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ بات چیت کے لیئے تیار ہیں۔
اولمرت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ شام کے صدر کو یروشلم آنے کی دعوت صرف نائب وزیر اعظم کی طرف سے دی گئی ہے۔
شام اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات چھ سال قبل تعطل کا شکار ہو گئے تھے جب شام نے اسرائیل سے گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ ختم کرنے کے لیئے کہا تھا جن پر اس نے 1967 کی جنگ میں قبضہ کیا تھا۔