http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 10 October, 2006, 04:43 GMT 09:43 PST

اقتصادیات کا نوبل انعام امریکہ کے پاس

امریکی پروفیسر ایڈمنڈ فیلپس نے افراطِ زر اور بیروزگاری پر اپنے تحقیق کے لیئے اقتصادیات کے شعبے میں نوبل انعام حاصل کر لیا ہے۔

فیلپس اس سال نوبل انعام حاصل کرنے والے چھٹے امریکی ہیں اوراب صرف امن اور ادب کے شعبوں کے لیئے نوبل انعام کا اعلان ہونا باقی ہے۔

تہتر سالہ فیلپس نے ایمہرسٹ اور ییل کی جامعات سے تعلیم حاصل کی تھی اور نیو یارک کی جامعہ کولمبیا میں پڑھاتے ہیں۔

سویڈش اکیڈمی نے کہا کہ فیلپس کی تحقیق نے اقتصادی پالیسیوں کے دور رس اور فوری نتائج میں تعلق کے بارے میں ان کی معلومات میں اضافہ کیا۔

اقتصادی شعبے کا انعام 1969 سے سویڈن کے مرکزی بینک کےتعاون سے پیش کیا جا رہا ہے اور یہ زیادہ تر امریکیوں کے پاس گیا ہے۔

پروفیسر فیلپس کو ایک کروڑ کرونر(ایک عشاریہ چار ملین ڈالر) کا انعام سٹاکہوم میں دس دسمبر کو ایک تقریب میں دیا جائے گا۔

پروفیسر فیلپس نے اپنی تحقیق کے بارے میں کہا کہ انہوں نے لوگوں کو اقتصادی ماڈل میں ان کا مقام واپس دلانے کی کوشش کی ہے۔