Tuesday, 10 October, 2006, 21:21 GMT 02:21 PST
عراق میں بدھ کو امریکی فوج کے ایک بیان کے مطابق تین امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ تینوں فوجی پیر کو ملک کے صوبے انبار میں مارے گئے۔ ان کی ہلاکت کے بعد عراق میں اکتوبر کے مہینے میں اب تک ہلاک ہونے والی امریکی فوجیوں کی تعداد سینتیس ہو گئی ہے۔
اس سے قبل بغداد میں امریکی فوج نے کہا تھا کہ ان کے اسلحے کے ایک ڈپو میں آگ لگ گئی جس سے یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے۔
امریکی اسلحہ ڈپو میں آتشزدگی
بغداد میں امریکی فوج نے کہا کہ ان کے ایک بارود خانے میں آگ لگنے سے دھماکے ہوئے ہیں۔ دھماکوں کے نتیجے میں بلند شعلے دیکھے گئے ہیں اور دور تک ان کی گونج سنائی دی۔ علاقے میں ہیلی کاپٹر پرواز کر رہے تھے۔
امریکی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق امریکی فوج نے منگل کو دن میں اس فوجی اڈے پر ایک سے زیادہ حملوں کا ذکر کیا تھا۔
نامہ نگار نے یہ بھی بتایا کہ دھماکوں کی شدت اور امریکی فوجی اڈے پر فوجیوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے لوگوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔